نیویارک سٹی کے نو منتخب میئر زوہران ممدانی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہر کو درپیش تمام مسائل اور مشکل حالات کا سب مل کر مقابلہ کریں گے۔ وہ سٹی ہال پر حلف برداری اور عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
سٹی ہال پر منعقدہ عوامی تقریب میں پہلے مسلمان میئر زوہران ممدانی کی حلف برداری ہوئی۔ ممدانی کی اہلیہ، فرسٹ لیڈی آف نیویارک سٹی راما دواجی، قرآنِ مجید تھامے کھڑی ہوئیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر رہنما نے زوہران ممدانی سے ان کے عہدے کا حلف لیا تو زوہران ممدانی نے قرآن پر ہاتھ رکھ کر حلف کے جملے دہرائے۔تقریب میں نیویارکرز کی کثیر تعداد شریک ہوئی، جن میں زوہران ممدانی کے والدین سمیت پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات بھی شامل تھیں۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے شہر کے نئے کمپٹرولر مارک لیوین سے حلف لیا۔شرکا سے خطاب میں زوہران ممدانی کا کہنا تھا کہ یہ شہر نیویارکرز کے لیے ہے۔ تمام مسائل کا مل کر مقابلہ کریں گے۔ انتخابی مہم کے دوران جتنے بھی وعدے کیے گئے، وہ تمام پورے کرنے کی کوشش کروں گا۔تقریب میں سبکدوش میئر ایرک ایڈمز، شہر کے کمپٹرولر جمانی ولیمز سمیت دیگر نمایاں شخصیات بھی شریک تھیں۔ شرکا نے زوہران ممدانی کی جانب سے شہر کی انتظامی باگ ڈور سنبھالنے کو ایک تاریخی تبدیلی قرار دیا۔اس موقع پر مختلف گیت بھی گائے گئے اور شرکا نے ممدانی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔