لیبر کیمپس میں پاکستانی ورکرز کے لیے خصوصی روڈ شوز کا انعقاد
سعودی عرب میں مختلف لیبر کیمپس میں مقیم پاکستانی ورکرز کے لیے خصوصی روڈ شوز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
ان ایونٹس میں ہزاروں پاکستانی ورکرز شریک ہو رہے ہیں اور بھرپور انٹرٹینمنٹ کے ساتھ مختلف کھیلوں میں حصہ لے کر انعامات بھی جیت رہے ہیں۔سعودی دارالحکومت ریاض کے مختلف لیبر کیمپس میں منعقد ہونے والے ان روڈ شوز کا مقصد پاکستانی ورکرز کو رقوم کی منتقلی کے لیے لیگل چینلز کے استعمال سے آگاہ کرنا ہے۔ نجی بینک کی جانب سے منعقدہ ان سرگرمیوں کے ذریعے ورکرز کو بتایا جا رہا ہے کہ قانونی بینکاری نظام کے ذریعے ترسیلات زر بھیجنے سے نہ صرف ان کا اپنا سرمایہ محفوظ رہتا ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی استحکام ملتا ہے۔روڈ شوز کے دوران جہاں مختلف گیمز کے ذریعے ورکرز کو تفریح فراہم کی جا رہی ہے، وہیں میوزیکل کنسرٹس میں مقامی گلوکار اپنی آواز کا جادو جگا کر حاضرین کو محظوظ کر رہے ہیں۔ آرگنائزرز کے مطابق سعودی عرب میں تقریباً 28 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں، جو سب سے زیادہ زرمبادلہ پاکستان بھیج کر ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔منتظمین کا کہنا ہے کہ ان روڈ شوز کا مقصد ورکرز میں شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ غیر قانونی ذرائع کے بجائے لیگل بینکنگ سسٹم کے ذریعے رقوم کی منتقلی کو یقینی بنائیں۔ ان کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، اس لیے ان کا محفوظ اور قانونی طریقے سے پاکستان پہنچنا نہایت ضروری ہے۔