زہران ممدانی نے جمعرات کو قرآنِ مجید پر حلف اٹھا کر نیویارک سٹی کے میئر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں، یوں وہ اس شہر کے پہلے میئر بن گئے جنہوں نے قرآن پر حلف لیا۔
زہران ممدانی امریکا کے سب سے بڑے شہر کے پہلے مسلم اور جنوبی ایشیائی نژاد میئر بھی ہیں۔ نجی تقریب میں، جو ٹائمز اسکوائر کے نیچے ایک متروک سب وے اسٹیشن میں منعقد ہوئی، ممدانی نے اپنے دادا کا قرآن اور ساتھ نیویارک پبلک لائبریری سے لیا گیا تقریباً دو سو سال پرانا تاریخی قرآن استعمال کیا۔یہ تاریخی قرآن کبھی آرٹورو شومبرگ کی ملکیت تھا، جو ایک ممتاز سیاہ فام مؤرخ اور مصنف تھے اور جن کا مجموعہ بعد ازاں شومبرگ سینٹر فار ریسرچ اِن بلیک کلچر کی بنیاد بنا۔ نیویارک پبلک لائبریری کے مطابق یہ قرآن انیسویں صدی میں شائع ہوا۔ ممدانی جمعے کو سٹی ہال میں ہونے والی عوامی تقریب میں اپنے دادا اور دادی کے قرآنوں پر بھی حلف اٹھائیں گے۔ نیویارک میں اگرچہ مذہبی کتاب پر حلف لینا لازم نہیں، تاہم ماضی کے کئی میئرز بائبل استعمال کرتے رہے ہیں۔ ممدانی کا یہ اقدام شہر کی متنوع مذہبی اور ثقافتی شناخت کی عکاسی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔انتخابی مہم کے دوران ممدانی نے اپنی مسلم شناخت، جنوبی ایشیائی پس منظر اور تارکینِ وطن برادریوں کے مسائل کو کھل کر اجاگر کیا۔