نیویارک: وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی پاکستانی امریکن رہنما چودھری تنویر سے ملاقات
نیویارک(ویب ڈیسک) پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت چودھری تنویر سے وفاقی وزیر برائے ریلوےمحمد حنیف عباسی نے نیویارک میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
حنیف عباسی کی آمد پر چودھری تنویر نے انھیں گلدستہ پیش کیا۔ وفاقی وزیر کی مختصر اور مصروف دورۂ امریکہ کے باوجود اس ذاتی ملاقات کو کمیونٹی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔چودھری تنویر نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی وزیر کا وقت نکال کر ان کے گھر آنا ان کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔ انہوں نے اس ملاقات کو محبت، خلوص اور پاکستان سے وابستگی کا مظہر قرار دیا۔اس ملاقات کے موقع پر نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی سمیت پاکستانی امریکن کمیونٹی کے کئی سرکردہ رہنماؤں اور معزز اراکین نے بھی شرکت کی ۔کمیونٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس طرح کے روابط نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں اور حکومتِ پاکستان کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ باہمی اعتماد اور تعاون کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کی اس ملاقات سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور خیالات کو بہتر طور پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ اس طرح کے روابط دو طرفہ اعتماد اور تعاون کے فروغ کا باعث بنتے ہیں۔