نیو یارک سٹی کے سب وے نظام میں تین دہائیوں سے زائد عرصے تک استعمال ہونے والا میٹروکارڈ اب مکمل طور پر تاریخ کا حصہ بننے جا رہا ہے۔
ٹرانزٹ حکام کے مطابق 31 دسمبر 2025 کے بعد میٹروکارڈ نہ تو خریدا جا سکے گا اور نہ ہی ری فل، جبکہ نظام مکمل طور پر OMNY یعنی کانٹیکٹ لیس ٹیپ اینڈ گو ادائیگی کی جانب منتقل ہو جائے گا۔میٹرو پولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی کے مطابق اس وقت سب وے اور بسوں کے 90 فیصد سے زائد سفر پہلے ہی کریڈٹ کارڈ، موبائل فون یا اسمارٹ ڈیوائس کے ذریعے ٹیپ کر کے ادا کیے جا رہے ہیں۔ OMNY نظام 2019 میں متعارف کرایا گیا تھا، جس کا مقصد کرایوں کی ادائیگی کو آسان اور جدید بنانا تھا۔میٹروکارڈ 1994 میں متعارف ہوا تھا، جس نے ٹوکن کے نظام کا خاتمہ کیا اور نیو یارک کے پبلک ٹرانسپورٹ کو نئی پہچان دی۔ وقت کے ساتھ یہ کارڈ نہ صرف روزمرہ سفر کا حصہ بنا بلکہ مختلف یادگاری اور ثقافتی ڈیزائنز کی وجہ سے کلیکٹر آئٹم بھی بن گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے سالانہ کم از کم 20 ملین ڈالر کے اخراجات کی بچت ہو گی۔ تاہم کچھ مسافروں، خصوصاً بزرگ شہریوں، نے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ نئی مشینیں اور ڈیجیٹل طریقۂ کار ان کے لیے مشکل ہو سکتا ہے۔ ٹرانزٹ حکام کے مطابق موجودہ میٹروکارڈز 2026 تک استعمال کیے جا سکیں گے تاکہ مسافروں کو منتقلی میں آسانی رہے۔