vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں مسلم آفیسرز سوسائٹی کی جانب سے فیتھ ڈے اورسیرت النبیؐ  کانفرنس کا انعقاد

0

نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ مسلم آفیسرز سوسائٹی کے زیر اہتمام فیتھ ڈے اور  سیرت النبیؐ  کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، جس کا مقصد  نبی آخری الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی اور ان کے پیغامات پر روشنی ڈالنا تھا۔

نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ مسلم آفیسرز سوسائٹی کے زیر اہتمام سیرت نبی کے حوالے سے تیسرا سالانہ ایونٹ کا انعقاد امریکی ترک ایوپ سلطان کلچرل سینٹر، بروکلن میں کیا گیا، تقریب میں مسلم کمیونٹی کے افراد اور پولیس افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ کانفرنس کا مقصد پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی اور ان کی تعلیمات کو سمجھنا اور ان پر عمل کرنا تھا۔ اس کے علاوہ، ہیلتھ اینڈ ویلفیئر ڈے کا مقصد کمیونٹی میں صحت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا، تاکہ لوگ جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند زندگی گزار سکیں۔اس موقع پر صدر مسلم افسر سوسائٹی ڈپٹی انسپکٹر وحید اختر نے خاندان کی ذمہ داریوں کے درمیان ایمان کو قائم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور یہ سوال اٹھایا کہ کیا ہم اپنے بچوں کو اللہ کے راستے پر چلانے کے لیے کافی کوشش کر رہے ہیں تاکہ مستقبل محفوظ ہو سکے۔پولیس چیپلن امام طاہر نے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ  خاندان اور کمیونٹی کے تنازعات کو سیاستدانوں کی تقسیم کے بجائے حضرت علی کی تعلیمات پر مبنی اجتماعات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ  حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت علی جیسے رہنماؤں کی طرح ایک ساتھ کھانا کھانے اور بات چیت کرنے کی روایت کو اپنانا ایک مؤثر طریقہ ہے تاکہ مسائل کو سمجھا جائے اور حل کیا جائے۔تقریب کے دوران کی نوٹ اسپیکرز  نے خطاب کیا  جن میں معروف مذہبی اسکالر شیخ عبدالرحمان بدوی شامل تھے۔انہوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی اور ان کے اخلاقی اصولوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی  اورحضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات اور ان کے پیغامات کی اہمیت پر گفتگو کی۔تقریب میں مختلف موضوعات پر بات چیت کی گئی جن میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت، ان کے اخلاق، اور انسانیت کے لئے ان کی تعلیمات شامل تھیں۔ اس کے علاوہ، کمیونٹی کے اراکین نے صحت، فلاح و بہبود، اور معاشرتی بہتری کے بارے میں معلومات حاصل کی۔اس ایونٹ میں کمیونٹی کے افراد نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پر روشنی ڈالی اور اپنے ایمان میں مزید مضبوطی حاصل کرنے کا عہد کیا۔ اس کے علاوہ، شرکاء نے صحت کی اہمیت اور اپنے معاشرتی کردار کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی بات کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.