پاکستانی ورک فورس کے لیے یورپ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا
اٹلی نے اگلے تین سال کے لیے پاکستان کو 10 ہزار 500 ملازمتوں کا کوٹہ الاٹ کر دیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت ہر سال 3 ہزار 500 پاکستانی سیزنل اور نان سیزنل بنیادوں پر اٹلی میں ملازمت کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔وزارت کے ترجمان کے مطابق یہ کوٹہ دونوں ممالک کے درمیان طویل مشاورت اور مسلسل حکومتی کوششوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے، جسے پاکستانی محنت کشوں کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے نہ صرف قانونی اور منظم طریقے سے بیرونِ ملک روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ غیر قانونی ہجرت کی حوصلہ شکنی میں بھی مدد ملے گی۔حکام کے مطابق اٹلی میں پاکستانیوں کے لیے جن شعبوں میں ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں ان میں شپ بریکنگ، ہاسپیٹلیٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت شامل ہیں، جہاں ہنر مند اور تربیت یافتہ پاکستانی افراد کی مانگ موجود ہے۔ ان شعبوں میں روزگار کے مواقع پاکستانی ورک فورس کے تجربے اور مہارت سے مطابقت رکھتے ہیں۔وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستانی محنت کشوں کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ترسیلاتِ زر میں اضافے کے ذریعے ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ دنوں میں یورپ کے دیگر ممالک میں بھی پاکستانی ورک فورس کے لیے اسی نوعیت کے مواقع سامنے آنے کی توقع ہے۔