نیویارک چیمبر آف اسمال بزنس کارپوریشن کا سالانہ ڈنر اور کرسمس کی تقریب
نیویارک چیمبر آف اسمال بزنس کارپوریشن نے اپنا سالانہ ڈنر اور کرسمس منایا۔ رنگا رنگ تقریب میں موسیقی کی محفل سجی، مختلف شخصیات کو ایوارڈ دیے گئے اور کیک بھی کاٹا گیا۔
لانگ آئی لینڈ کے مقامی ریسٹورانٹ میں منعقدہ سالانہ ڈنر میں ساؤتھ ایشین کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ چیمبر کے صدر علمدار شاہ عرف ایمی شاہ اور نائب صدر چودھری سرور نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کرسمس و ہالی ڈے کی مبارکباد دی۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر ریاستی اسمبلی کی ممبر جینیفر راج کمار اور ناساؤ کاؤنٹی ایگزیکٹو کے سینئر ایڈوائزر چودھری اکرم بھی شریک ہوئے۔ چودھری اکرم نے کاؤنٹی ایگزیکٹو بروس بلیک مین کی جانب سے کمیونٹی کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی، جبکہ کمیونٹی کی کاروباری و سماجی شخصیت چودھری سرور کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے اس ایونٹ کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔اس موقع پر ریاستی اسمبلی کی ممبر جینیفر راج کمار نے نیویارک چیمبر آف اسمال بزنس کارپوریشن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نیویارک کے نصف سے زائد ساؤتھ ایشین باشندے چھوٹے کاروباروں سے وابستہ ہیں۔ جینیفر راج کمار نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کاروباروں کو بیوروکریسی سے نجات دلانے کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں گی۔تقریب میں اسمبلی وومن جینیفر راج کمار اور پاکستان میں گورنر پنجاب کی جانب سے بھیجے گئے ایوارڈز نیویارک میں مقیم پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں دیے گئے۔اس موقع پر موسیقی کی محفل بھی سجی، جس پر شرکاء جھوم اٹھے۔تقریب کے اختتام پر کرسمس کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔