vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں سوشل میڈیا پر ذہنی صحت سے متعلق انتباہی لیبل لازمی قرار

0

نیویارک نے ایک نئے قانون کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو نوجوان صارفین کے لیے ذہنی صحت سے متعلق انتباہی لیبل دکھانے کا پابند کر دیا ہے۔

گورنر کیتھی ہوکل نے جمعے کو اس بل پر دستخط کیے، جس کا اطلاق اُن پلیٹ فارمز پر ہوگا جہاں اسکرولنگ، آٹو پلے اور الگورتھمک فیڈز جیسی خصوصیات موجود ہیں جو حد سے زیادہ استعمال کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔گورنر ہوکل کے مطابق بچوں اور نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ممکنہ نقصانات سے بچانا ریاست کی ترجیحات میں شامل ہے۔ قانون میں سوشل میڈیا وارننگز کا موازنہ تمباکو مصنوعات یا پلاسٹک پیکنگ پر دیے جانے والے حفاظتی انتباہ سے کیا گیا ہے، جو صارفین کو ممکنہ خطرات سے آگاہ کرتے ہیں۔قانون میں شامل تحقیق کے مطابق سوشل میڈیا کا حد سے زیادہ استعمال دماغ کو اس طرح متحرک کرتا ہے جیسے منشیات کے استعمال یا جوا کھیلنے کی لت، جس سے ذہنی صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں نیویارک کے اٹارنی جنرل کو قانونی کارروائی اور ہر خلاف ورزی پر پانچ ہزار ڈالر تک جرمانہ عائد کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔یہ قانون صرف اُن سرگرمیوں پر لاگو ہوگا جو جزوی یا مکمل طور پر نیویارک میں انجام دی جائیں، جبکہ ریاست سے باہر موجود صارفین اس کے دائرہ کار میں شامل نہیں ہوں گے۔ اس اقدام کے ذریعے نیویارک، کیلیفورنیا اور منی سوٹا جیسی ریاستوں کی صف میں شامل ہو گیا ہے جہاں نوجوانوں کے لیے سوشل میڈیا سے متعلق قوانین پہلے سے نافذ ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.