vosa.tv
Voice of South Asia!

پاکولی کے زیرِ اہتمام لانگ آئی لینڈ میں قائدِ اعظم ڈے کی شاندار تقریب

0

پاکستانی امریکن کمیونٹی آف لانگ آئی لینڈ نے قائدِ اعظم ڈے بھرپور جوش و جذبے سے منایا۔ ملی نغموں اور ثقافتی گیتوں پر رقص کا شاندار مظاہرہ ہوا۔ کئی افراد کو ایوارڈز دیے گئے اور بانیِ پاکستان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

بانیِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے 149ویں یومِ پیدائش پر پاکولی کے زیر اہتمام نیویارک کے مقامی ریسٹورانٹ میں قائدِ اعظم ڈے کی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور دعا سے کیا گیا۔تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی جن میں خواتین، مرد اور نوجوانوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ پاکولی کی قیادت اور ممبران تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں، شاعرِ مشرق علامہ اقبال، قائدِ اعظم محمد علی جناح، محترمہ فاطمہ جناح اور دیگر کے مشابہہ لباس میں شریک ہوئے۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی آف لانگ آئی لینڈ کے بانی بشیر قمر اور صدر توقیر شیخ کا کہنا تھا کہ آزادی وہ نعمت ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں، پاکستان کی تعمیر، ترقی اور استحکام کے لیے سب کو تن من دھن سے کام کرنا ہوگا۔تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف نمائندہ تنظیموں کے سربراہان اور ممبران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ریسٹورانٹ کو بھی قائدِ اعظم ڈے کی مناسبت سے سجایا گیا تھا اور شرکا نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم تھامے ہوئے تھے۔ شرکا سے خطاب میں پاکولی کے سینئر نائب صدر ہمایوں صفدر اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عتیق قادری کا کہنا تھا کہ پاکولی کے بانی بشیر قمر کا کمیونٹی کی تربیت میں جو کردار ہے وہ کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔قائدِ اعظم ڈے میں مشہور گلوکار بلال شفیع نے ملی نغمے پیش کیے جبکہ جنید یونس نے ثقافتی گیت گائے۔ پاکستان کے تمام صوبوں کے ثقافتی لباس کی عکاسی کرتے نوجوانوں نے رقص کا شاندار مظاہرہ کیا۔اس موقع پر پاکولی کے بانی سربراہ بشیر قمر نے اپنی ٹیم اور دیگر شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز سے نوازا۔تقریب کے اختتام سے قبل نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں تعریفی سرٹیفیکیٹس پیش کیے گئے۔آخر میں بانیِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کی 149ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.