vosa.tv
Voice of South Asia!

شاندار معاشی اعداد و شمار کے پیچھے ٹیرف کا ہاتھ ہے، ٹرمپ کا دعویٰ

0

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ غیر متوقع معاشی نمو ان کی ٹیرف پالیسیوں کا نتیجہ ہے، تاہم اسی دوران صارفین کے اعتماد میں مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے دی گارجین کے مطابق امریکی محکمۂ تجارت کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ تیسری سہ ماہی میں مجموعی قومی پیداوار 4.3 فیصد سالانہ شرح سے بڑھی، جو دو برسوں میں تیز ترین رفتار ہے، اور اس کی بڑی وجہ صارفین کے اخراجات، برآمدات اور حکومتی خرچ میں اضافہ بتایا گیا۔اس معاشی بہتری کے باوجود تازہ سروے ظاہر کرتے ہیں کہ عوام کی ایک بڑی تعداد معیشت کے حوالے سے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں سے مطمئن نہیں۔ کانفرنس بورڈ کے مطابق دسمبر میں صارفین کا اعتماد مسلسل پانچویں ماہ کم ہوا، جو 2008 کے بعد سب سے طویل مندی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور ٹیرف سے متعلق خدشات نے عوامی جذبات کو متاثر کیا ہے۔صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ شاندار معاشی اعداد و شمار کے پیچھے ٹیرف کا ہاتھ ہے اور مستقبل میں صورتحال مزید بہتر ہو گی۔ اسی دوران امریکی سپریم کورٹ میں ٹیرف کے خلاف قانونی چیلنجز پر غور جاری ہے، جو آنے والے دنوں میں اہم فیصلہ کن موڑ ثابت ہو سکتے ہیں۔فیڈرل ریزرو کے لیے بھی یہ اعداد و شمار فیصلہ سازی کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔ اگرچہ مرکزی بینک نے رواں سال تیسری مرتبہ شرحِ سود میں کمی کی ہے، مگر ملازمتوں کی منڈی اور صارفین کے رویے سے متعلق ملے جلے اشارے آئندہ پالیسی سمت پر سوالات کھڑے کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.