نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے مارک گیرا کو فائر ڈیپارٹمنٹ آف نیویارک (ایف ڈی این وائی) کا 36واں کمشنر مقرر کردیا ہے۔
مارک گیرا اس وقت ایف ڈی این وائی کے ایکٹنگ کمشنر اور فرسٹ ڈپٹی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور محکمہ فائر بریگیڈ میں تقریباً چار دہائیوں پر محیط تجربہ رکھتے ہیں۔میئر ایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ عوامی تحفظ ان کی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے باصلاحیت اور تجربہ کار قیادت کا ہونا ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق مارک گیرا نے گزشتہ کئی دہائیوں میں نیویارک کے شہریوں کے تحفظ کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دیں اور ’’نیو یارک کے بہادر ترین‘‘ اہلکاروں کی قیادت کی۔مارک گیرا نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ تقریباً چالیس برس سے ایف ڈی این وائی اور نیویارک کے عوام کی خدمت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ان کے مطابق محکمہ فائر بریگیڈ کے اہلکار دن رات ہنگامی حالات میں شہریوں کی حفاظت کے لیے کام کرتے ہیں اور اس عظیم ادارے کی قیادت ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔محکمہ فائر فائٹرز یونین کے صدر اینڈریو اینسبرو نے بھی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مارک گیرا نے ہمیشہ اس اصول پر کام کیا کہ محکمہ کو پہلے سے بہتر حالت میں چھوڑا جائے، اور ان کی قیادت سے شہر اور ایف ڈی این وائی دونوں کو فائدہ ہوگا۔