بھارت کی ریاست آسام کے ضلع ہوجائی میں افسوسناک ٹرین حادثہ پیش آیا، جہاں ٹرین ہاتھیوں کے ایک جھنڈ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں آٹھ ہاتھی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا، تاہم کسی انسانی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حادثے کے باعث انجن سمیت ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس سے شمال مشرقی بھارت میں ریلوے نظام بری طرح متاثر ہوا۔ریلوے حکام کے مطابق حادثہ رات تقریباً 2 بج کر 17 منٹ پر پیش آیا، جب میزورم کے شہر سائرنگ سے دہلی کے آنند وہار ٹرمینل جانے والی راجدھانی ایکسپریس اچانک ریلوے ٹریک پر آ جانے والے ہاتھیوں کے جھنڈ سے ٹکرا گئی۔ شدید تصادم کے باوجود کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔فارسٹ ڈپارٹمنٹ کے حکام نے بتایا کہ آٹھ ہاتھی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک زخمی بچے ہاتھی کو ریسکیو کر لیا گیا۔ حکام نے واضح کیا کہ حادثے کی جگہ سرکاری طور پر ہاتھیوں کی گزرگاہ (ایلیفنٹ کوریڈور) قرار نہیں دی گئی۔ذرائع کے مطابق لوکو پائلٹ نے ٹریک پر ہاتھیوں کو دیکھتے ہی ایمرجنسی بریک لگائی، تاہم ٹرین مکمل طور پر رکنے سے پہلے ہی ہاتھی حرکت میں آتی ٹرین سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔حادثے کے بعد اپر آسام اور شمال مشرقی علاقوں کی جانب جانے والی متعدد ٹرینیں متاثر ہوئیں۔ ریلوے کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور بحالی کا کام شروع کر دیا گیا۔ متاثرہ بوگیوں کے مسافروں کو محفوظ طریقے سے اسی ٹرین کی دیگر بوگیوں میں منتقل کر دیا گیا۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ریلوے سروس کو جلد از جلد معمول پر لایا جائے۔