vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی فوج کے مشرقی بحرالکاہل میں حملے، 8 افراد ہلاک

0

امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ مشرقی بحرالکاہل میں بین الاقوامی پانیوں میں موجود تین بحری جہازوں پر تازہ فوجی کارروائیوں کے دوران آٹھ افراد مارے گئے ہیں۔

امریکی فوج کے سدرن کمانڈ کے مطابق یہ کارروائیاں پیر کے روز کی گئیں اور انہیں وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کی ہدایت پر انجام دیا گیا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ نشانہ بننے والے افراد منشیات اسمگلنگ سے منسلک تھے، تاہم اس حوالے سے کوئی شواہد فراہم نہیں کیے گئے۔امریکی فوج کے مطابق پہلے جہاز پر حملے میں تین، دوسرے میں دو اور تیسرے میں تین افراد ہلاک ہوئے۔ یہ واقعات ایسے وقت پیش آئے ہیں جب واشنگٹن لاطینی امریکا میں اپنی فوجی موجودگی میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ ستمبر کے بعد سے بحرالکاہل اور کیریبین میں وینزویلا کے قریب اسی نوعیت کی کارروائیوں میں کم از کم 90 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں، جنہیں بین الاقوامی قانون کے ماہرین ماورائے عدالت ہلاکتیں قرار دے چکے ہیں۔دوسری جانب وینزویلا نے امریکی کارروائیوں اور فوجی بڑھاؤ کو اپنے تیل اور گیس وسائل پر قبضے کی کوشش قرار دیا ہے۔ اسی تناظر میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتوں میں امریکی فوجی طیاروں کو اپنے ہوائی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے گا، جس پر وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے ردعمل دیتے ہوئے گیس کی فراہمی روکنے کا عندیہ دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.