vosa.tv
Voice of South Asia!

امیگریشن گرفتاریوں کے بعد بچوں کی زندگیاں یکسر بدل گئیں

0

امریکہ میں وفاقی امیگریشن کارروائیوں میں شدت کے باعث کئی خاندانوں کے والدین حراست میں لے لیے گئے، جس کے بعد نوعمر بچوں کو کم عمری میں ہی گھریلو ذمہ داریاں سنبھالنا پڑ رہی ہیں۔

خبر رساں ادارے گارجین کے مطابق لوزیانا کے شہر کینر میں رہنے والی ہونڈوراس سے تعلق رکھنے والی ولما کروز کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اپنے نئے کرائے کے گھر پہنچی تھیں۔ گرفتاری سے قبل وہ صرف اپنے بڑے بیٹے کو فون کر سکیں، جس کے بعد ایجنٹس نے گاڑی کا شیشہ توڑ کر انہیں تحویل میں لے لیا۔اس گرفتاری کے بعد کروز کا 18 سالہ بیٹا جوناتھن ایسکالانتے، جو امریکی شہری ہے، اپنی جسمانی معذوری کا شکار نو سالہ بہن کی دیکھ بھال پر مجبور ہو گیا۔ اسے اب والدہ کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی، بہن کے میڈیکل ریکارڈز تلاش کرنے اور گھریلو اخراجات ادا کرنے جیسے معاملات خود سنبھالنے پڑ رہے ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ ذہنی طور پر ان ذمہ داریوں کے لیے تیار نہیں تھا، لیکن ماں کی واپسی کی امید میں یہ سب کر رہا ہے۔محکمۂ داخلی سلامتی کے مطابق دسمبر کے دوران جنوب مشرقی لوزیانا میں 250 سے زائد گرفتاریاں کی گئیں، جو لاس اینجلس، شکاگو اور نارتھ کیرولائنا کے دیگر شہروں میں ہونے والی کارروائیوں کا تسلسل ہیں۔ اگرچہ حکام کا دعویٰ ہے کہ کارروائیاں خطرناک مجرموں کے خلاف ہیں، تاہم اے پی کی جانچ کے مطابق ابتدائی دنوں میں گرفتار کیے گئے بیشتر افراد کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ اس صورتحال نے مقامی معیشت اور مزدوروں کی دستیابی پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔امیگرنٹ حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ہسپانوی کمیونٹیز کو نشانہ بنا رہی ہیں، جس کے نتیجے میں خاندان ٹوٹ رہے ہیں اور بچے وقت سے پہلے بڑے ہونے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.