vosa.tv
Voice of South Asia!

ہنوکا پر سیکیورٹی سخت، میئر ایڈمز اور این وائی پی ڈی کی بریفنگ

0

نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے این وائی پی ڈی کمشنر جیسیکا ٹِش کے ہمراہ ہنوکا کے موقع پر سیکیورٹی صورتحال پر اہم بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پیش آنے والے متعدد پُرتشدد واقعات نے عالمی سطح پر تشویش پیدا کی ہے۔

ایڈمز کے مطابق ان واقعات میں بروکلین میں فائرنگ، براؤن یونیورسٹی میں پیش آنے والا واقعہ اور آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہنوکا تقریب پر دہشت گرد حملہ شامل ہے۔ میئر نے واضح کیا کہ نیویارک سٹی یہودی کمیونٹی کے ساتھ کھڑی ہے اور عبادت گاہوں و مذہبی تقریبات کے تحفظ کے لیے اضافی سیکیورٹی اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔میئر ایڈمز نے بروکلین میں سویٹ سکسٹین تقریب کے دوران فائرنگ سے چھ کم عمر افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور غیرقانونی اسلحے کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک شہر کی سڑکوں سے تقریباً 25 ہزار غیرقانونی ہتھیار ہٹائے جا چکے ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتی جانیں بچائی گئیں۔ میئر نے سڈنی میں ہونے والے حملے کو یہودیوں کو نشانہ بنانے والا دہشت گرد واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نفرت اور یہود دشمنی کے خلاف کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی۔این وائی پی ڈی کمشنر جیسیکا ٹِش نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ بروکلین فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی شواہد کے مطابق یہ گینگ سے متعلق ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ براؤن یونیورسٹی کے واقعے کے بعد نیویارک میں کالجوں اور یونیورسٹیوں کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ سڈنی میں ہنوکا تقریب پر حملے کے تناظر میں این وائی پی ڈی نے پانچوں بورو میں ہنوکا تقریبات، مینورا لائٹنگز اور یہودی عبادت گاہوں پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے، جہاں کاؤنٹر ٹیررازم یونٹس، ہیوی ویپن ٹیمیں اور بم اسکواڈ تعینات کیے گئے ہیں۔کمشنر جیسیکا ٹِش کے مطابق اس وقت نیویارک میں کسی مخصوص یا قابلِ اعتماد خطرے کی اطلاع موجود نہیں، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر نگرانی اور گشت میں اضافہ کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.