نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کونی آئی لینڈ کی ازسرِنو ترقی کے لیے ایک ارب ڈالر سے زائد کی تاریخی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد علاقے کو رہائشی، تفریحی اور معاشی طور پر مزید مضبوط بنانا ہے۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت 1,500 نئے گھروں کی تعمیر کی جائے گی، جن میں 25 فیصد یونٹس سستی رہائش کے لیے مختص ہوں گے، جبکہ تاریخی ریگل مین بورڈ واک کی مکمل تعمیرِ نو بھی شامل ہے۔میئر ایڈمز کے مطابق اس سرمایہ کاری سے نہ صرف کونی آئی لینڈ کے ساحلی علاقے کو جدید اور محفوظ بنایا جائے گا بلکہ مقامی شہریوں کے لیے بہتر رہائشی سہولیات بھی فراہم ہوں گی۔ منصوبے میں سڑکوں، سیوریج نظام اور عوامی مقامات کی بہتری کے ساتھ ساتھ ایبے اسٹارک اسپورٹس سینٹر کی 42 ملین ڈالر کی تزئین و آرائش بھی شامل ہے، تاکہ یہ مرکز آئندہ نسلوں کے لیے تفریح اور کھیل کا اہم ذریعہ بنا رہے۔نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف پارکس کے حکام کے مطابق ریگل مین بورڈ واک کی 2.7 میل طویل پٹی کو مرحلہ وار جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، جس میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات بھی شامل ہوں گے۔ اس کے ساتھ عوامی سہولیات جیسے واش رومز، لائف گارڈ اسٹیشنز اور سایہ دار مقامات کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ میئر ایڈمز کے سستی رہائش اور شہری ترقی کے عزم کا تسلسل ہے، جس کے تحت نیویارک میں لاکھوں نئے اور محفوظ گھروں کی منصوبہ بندی کی جا چکی ہے۔ حکام کے مطابق کونی آئی لینڈ کی یہ بحالی نہ صرف علاقے کی شناخت کو نئی جان دے گی بلکہ مقامی کاروبار اور سیاحت کو بھی فروغ دے گی۔