نیو جرسی کے گورنر فل مرفی نے عہدہ چھوڑنے سے قبل اپنے آٹھ سالہ دورِ حکومت، کامیابیوں، چیلنجز اور آئندہ کے منصوبوں پر کھل کر بات کی۔
اے بی سی 7 سے گفتگو کرتے ہوئے مرفی نے کہا کہ جنوری 20، 2026 کو عہدہ چھوڑنا ان کے لیے جذباتی اور قدرے اداس لمحہ ہوگا، تاہم وہ آخری دن تک اپنی ذمہ داریاں پوری شدت سے نبھائیں گے۔فل مرفی اس وقت امریکا کے طویل ترین عرصے تک خدمات انجام دینے والے ڈیموکریٹک گورنر ہیں اور گزشتہ 44 برسوں میں نیو جرسی کے وہ پہلے ڈیموکریٹ گورنر ہیں جو دوسری مدت کے لیے منتخب ہوئے۔ ان کے دور میں ریاست کو متعدد کامیابیاں ملیں، اگرچہ کچھ پالیسی فیصلوں پر تنقید بھی ہوئی۔ کورونا وبا کے دوران ان کی روزانہ کی پریس بریفنگز کو عوام آج بھی یاد کرتے ہیں، جہاں انہوں نے مشکل حالات میں تحمل، احتیاط اور قیادت کا مظاہرہ کیا۔گورنر مرفی نے صدارتی سیاست کے حوالے سے کہا کہ فی الحال ان کے ایسے کوئی منصوبے نہیں، تاہم انہوں نے مستقبل کے امکانات کو مکمل طور پر رد بھی نہیں کیا۔ انہوں نے نیو جرسی کے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یہ امریکا کی سب سے خاص ریاست ہے، جو کردار، مضبوطی اور تنوع کی علامت ہے، اور اس کے 95 لاکھ عوام کی خدمت کرنا ان کے لیے اعزاز رہا۔گورنر فل مرفی کا کہنا تھا کہ وہ آخری لمحے تک ریاستی امور پر توجہ مرکوز رکھیں گے اور نیو جرسی کے لیے کام کا یہ سفر ان کے لیے ہمیشہ یادگار رہے گا۔