vosa.tv
Voice of South Asia!

بنگلادیش میں 12 فروری کو عام انتخابات اور ریفرنڈم

0

بنگلادیش میں عام انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق 12 فروری 2026 کو ملک بھر میں ایک ہی دن عام انتخابات کے ساتھ جمہوری اصلاحاتی چارٹر پر ریفرنڈم بھی کرایا جائے گا۔

 یہ بنگلادیش کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ قومی انتخابات اور آئینی ریفرنڈم ایک ساتھ منعقد ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنر اے ایم ایم ناصر الدین نے پریس کانفرنس میں انتخابی شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 13ویں عام انتخابات اور ریفرنڈم کے لیے ووٹنگ 12 فروری کو صبح ساڑھے 7 بجے سے شام ساڑھے 4 بجے تک جاری رہے گی۔ امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 29 دسمبر مقرر کی گئی ہے، جبکہ جانچ پڑتال 30 دسمبر سے 4 جنوری تک ہوگی۔ کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ 20 جنوری ہو گی۔بنگلادیش کی عبوری حکومت کے سربراہ اور نوبل انعام یافتہ پروفیسر محمد یونس نے انتخابات کو ملک کی سمت متعین کرنے کا "تاریخی موقع” قرار دیتے ہوئے کہا کہ شفاف، قابلِ قبول اور عوامی اعتماد پر مبنی الیکشن ملک کے مستقبل کے لیے ناگزیر ہیں۔ ریفرنڈم کا مقصد 2024 کے طلبہ تحریک کے بعد مرتب کیے گئے "جولائی چارٹر” میں شامل اصلاحات کو عوامی تائید فراہم کرنا ہے، جن کا مقصد ملک کو آئینی اور جمہوری لحاظ سے مضبوط بنانا ہے۔واضح رہے کہ جولائی 2024 کے بڑے احتجاجی مظاہروں اور سرکاری کریک ڈاؤن میں 1400 سے زائد ہلاکتوں کے بعد سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے استعفیٰ دے دیا تھا اور بعد میں بھارت روانہ ہو گئی تھیں۔ نومبر 2025 میں ایک بنگلادیشی عدالت نے انہیں انسانیت کے خلاف جرائم پر سزائے موت سنائی، جس کے بعد حکومت نے بھارت سے ان کی حوالگی کا مطالبہ بھی کر رکھا ہے۔ عبوری حکومت نے عوامی لیگ کی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر کے پارٹی کی رجسٹریشن بھی معطل کر دی تھی۔الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 42 ہزار 761 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 44 ہزار 739 پولنگ بوتھس قائم کیے جائیں گے، جہاں 12 کروڑ 76 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ بیرونِ ملک مقیم شہریوں کے لیے ڈاک کے ذریعے ووٹ کی آن لائن رجسٹریشن جاری ہے، اور اب تک 2 لاکھ 97 ہزار افراد رجسٹر ہو چکے ہیں۔موجودہ حالات میں بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور جماعت اسلامی کے درمیان سخت انتخابی مقابلے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ عوامی لیگ غیر فعال ہے۔ انتخابی عمل، سیکورٹی اور ریفرنڈم کے انتظامات کے لیے تمام اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.