vosa.tv
Voice of South Asia!

 آسٹریا میں 14 سال سے کم بچیوں کے اسکارف پر پابندی منظور

0

آسٹریا نے 14 سال سے کم عمر بچیوں کے لیے اسکولوں میں اسکارف پر پابندی کی منظوری دے دی ہے۔

خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق حکومت کی تین جماعتی مخلوط قیادت او وی پی، ایس پی او اور نیوس کا کہنا ہے کہ یہ قانون “صنفی برابری کی مضبوط علامت” ہے، جبکہ ناقدین کے مطابق اس سے ملک میں اسلام مخالف جذبات بڑھ سکتے ہیں اور یہ آئین سے بھی ٹکرا سکتا ہے۔ پابندی سرکاری اور نجی دونوں اسکولوں میں لاگو ہوگی۔نئے قانون کے تحت 14 سال سے کم عمر بچیوں کو روایتی مسلم حجاب یا برقعہ پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں پہلے اسکول انتظامیہ اور والدین کے ساتھ بار بار نشستیں ہوں گی، اور اگر صورتحال برقرار رہی تو چائلڈ ویلفیئر ایجنسی کو اطلاع دی جائے گی۔ آخری مرحلے میں والدین یا سرپرستوں پر 800 یورو تک جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔حکومتی ارکان کا مؤقف ہے کہ یہ قانون لڑکیوں کو “جبر سے بچانے” اور ان کی آزادی کے تحفظ کے لیے ہے، جبکہ اپوزیشن اور اسلامی تنظیمیں اسے امتیازی اور تقسیم پیدا کرنے والا اقدام قرار دے رہی ہیں۔ آسٹریا کی اسلامی کمیونٹی نے کہا ہے کہ یہ قانون بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور اسے عدالت میں چیلنج کیا جائے گا، کیونکہ 2020 میں اسی نوعیت کی پابندی کو آئینی عدالت نے غیر آئینی قرار دیا تھا۔نئے قانون پر عملدرآمد کا آزمائشی مرحلہ فروری 2026 میں شروع ہوگا، جبکہ باقاعدہ نفاذ اگلے تعلیمی سال کے آغاز یعنی ستمبر 2026 سے ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.