vosa.tv
Voice of South Asia!

سابق سینئر منیجر پر سائبر سیکیورٹی فراڈ، سمیت متعدد الزامات میں فردِ جرم عائد

0

 واشنگٹن میں وفاقی گرینڈ جیوری نے ورجینیا کی ایک سرکاری کنٹریکٹر کمپنی کی سابق سینئر منیجر پر سائبر سیکیورٹی فراڈ، وائر فراڈ اور وفاقی آڈٹ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات میں فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

 الزامات کے مطابق خاتون نے یو ایس آرمی اور دیگر سرکاری اداروں کے لیے استعمال ہونے والے کلاؤڈ پلیٹ فارم کی سیکیورٹی کے بارے میں غلط معلومات فراہم کیں۔عدالتی دستاویزات کے مطابق 53 سالہ ڈینیئل ہلمر نے مارچ 2020 سے نومبر 2021 تک ایک ایسا منصوبہ ترتیب دیا جس کے تحت آڈیٹرز کو گمراہ کیا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ کمپنی کا کلاؤڈ پلیٹ فارم FedRAMP اور وزارتِ دفاع کے سیکیورٹی تقاضوں پر پورا اترتا ہے، حالانکہ نظام میں رسائی کنٹرول، لاگنگ، نگرانی اور دیگر ضروری سیکیورٹی خصوصیات موجود نہیں تھیں۔فردِ جرم میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزمہ نے 2020 اور 2021 کے آڈٹس کے دوران سچائی چھپانے کی ہدایات دیں، آڈیٹرز کو متاثر کرنے کی کوشش کی اور یو ایس آرمی کو غلط معلومات دے کر سسٹم کی پروویژنل منظوری حاصل کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران حکام کے سامنے جمع کرائی گئی دستاویزات میں بھی مبینہ طور پر جھوٹے اور گمراہ کن دعوے شامل تھے۔فردِ جرم کے تحت ہلمر پر دو الزامات وائر فراڈ، ایک بڑا سرکاری فراڈ اور دو وفاقی آڈٹ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات شامل ہیں۔ وائر فراڈ ثابت ہونے پر 20 سال، بڑے سرکاری فراڈ پر 10 سال اور ہر آڈٹ رکاوٹ کے الزام پر 5 سال قید کی زیادہ سے زیادہ سزا ہو سکتی ہے۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق تمام ملزمان پر مقدمہ ثابت ہونے تک بے گناہی کا اصول لاگو رہے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.