نیو جرسی میں ایک ریکارڈنگ اسٹوڈیو میں فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔
نیوآرک، ای سیکس کاؤنٹی پراسیکیوٹر کے دفتر نے اموات اور دو زخمیوں کی تصدیق کی ہے۔علاقے کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ کلنٹن ایونیو پر واقع اس اسٹوڈیو سے عام طور پر موسیقی سنائی دیتی ہے مگر گزشتہ رات گولیوں کی آواز نے ہر شور کو دبا دیا۔ پلاٹینم ساؤنڈ نامی اسٹوڈیو ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ کی گراؤنڈ فلور پر ہیئر سیلون اور سپر مارکیٹ کے درمیان واقع ہے۔فائرنگ کے بعد نیوآرک پولیس نے ساؤتھ وارڈ کے حصے کو گھیرے میں لے لیا اور تفتیش کار پوری رات اسٹوڈیو کے اندر باہر آتے جاتے رہے۔ قانون نافذ کرنے والے ذرائع کے مطابق ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا اسپتال میں جانبر نہ ہو سکا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دو دیگر مرد فائرنگ میں زخمی ہوئے اور انہیں مستحکم حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام نے ابھی تک متاثرین کی شناخت جاری نہیں کی ہے، اور نہ ہی کسی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ابتدائی تحقیق کے مطابق پولیس اس واقعے کو ٹارگٹڈ حملہ کے طور پر دیکھ رہی ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تعداد کے بارے میں بھی تاحال معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔