vosa.tv
Voice of South Asia!

ٹرمپ کا یورپ پر نیا حملہ، امیگریشن پالیسی زیربحث

0

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی ممالک کی امیگریشن پالیسیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں ’’کمزور‘‘ اور ’’زوال پذیر‘‘ قرار دیا ہے۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں الزام عائد کیا کہ یورپ کی سیاسی درستگی نے براعظم کو کمزور کردیا ہے اور اگر پالیسیوں میں تبدیلی نہ آئی تو کئی ریاستیں مستقبل میں رہنے کے قابل نہیں رہیں گی۔ ٹرمپ نے یورپی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ غیرقانونی طور پر آنے والے افراد کو ملک بدر کریں۔ٹرمپ کی یہ سخت تنقید اس وقت سامنے آئی ہے جب چند روز قبل ان کی انتظامیہ نے ایک نیا نیشنل سکیورٹی اسٹریٹجی دستاویز جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ یورپ کی موجودہ سمت کے خلاف مزاحمت کو فروغ دینا ضروری ہے۔ سابقہ دور کی طرح ٹرمپ نے ایک بار پھر مہاجرین، بالخصوص افریقی اور مسلم ممالک سے آنے والوں پر کڑی تنقید کی۔انہوں نے لندن کے میئر صادق خان کو بھی نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ میئر کو تارکینِ وطن نے ووٹ دے کر منتخب کیا ہے۔ ٹرمپ نے انہیں ’’نااہل‘‘ اور ’’بے قابو صورتحال کا ذمہ دار‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ لندن میں مہاجر افراد بلا روک ٹوک داخل ہو رہے ہیں۔ خان پر یہ تنقید ٹرمپ کی طویل سیاسی مہم کا حصہ ہے، جس میں وہ پہلے بھی صادق خان کے حوالے سے متنازع بیانات دے چکے ہیں۔ٹرمپ نے پیرس اور سویڈن کی صورتحال پر بھی سوال اٹھائے اور سویڈن کو ’’غیرمحفوظ‘‘ قرار دیا، حالانکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سویڈن میں قتل کے واقعات بڑی امریکی شہروں کے مقابلے میں کئی گنا کم ہیں۔ یورپ میں ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر ردعمل محتاط رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.