اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا افغان قیادت کو دو ٹوک پیغام
پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ طالبان حکام کو صاف پیغام پہنچا دیا گیا ہے کہ ان کے پاس خوارج یا پاکستان میں سے صرف ایک کا انتخاب باقی رہ گیا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کو بھی سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی غلط فہمی یا خوش فہمی کا شکار نہ رہے، اور اگر آئندہ بھارت نے کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو پاکستان کا جواب پہلے سے بھی زیادہ برق رفتار اور شدید ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے مگر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تصور ناقابلِ تسخیر ہے اور ملک کا دفاع ایمان سے سرشار جانبازوں اور متحد قوم کے پختہ عزم نے یقینی بنا رکھا ہے۔ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال اور بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر تینوں مسلح افواج میں ملٹی ڈومین آپریشنز کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ ہر سروس اپنی آپریشنل تیاریوں کے لیے اپنی انفرادیت برقرار رکھے گی، جبکہ ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹر تینوں افواج کے مشترکہ آپریشنز کو مربوط اور ہم آہنگ کرے گا۔ ان کے مطابق بالاکمانڈ کی مضبوط یکجہتی کے ساتھ تینوں افواج اپنی اندرونی خودمختاری اور تنظیمی ڈھانچے کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کے دفاع کو ہر صورت یقینی بنائیں گی۔