الریاض: پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی سیکرٹری کے اعزاز میں پروقار عشائیہ
الریاض — سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں معروف کاروباری شخصیات زاکر خان اور زرین خان کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی سیکرٹری احسان الحق باجوہ کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر سفارتخانہ پاکستان کے افسران اور کمیونٹی کے متعدد افراد بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسان الحق باجوہ نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور قائد نواز شریف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے حقوق کے تحفظ کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔احسان الحق باجوہ نے مزید کہا کہ سعودی عرب چیپٹر میں جلد اہم تبدیلیاں متوقع ہیں تاکہ تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جا سکے۔ تقریب میں خالد اکرم رانا، ملک راشد پرویز، زاکر خان، زرین خان، رانا سلطان، رانا اشرف اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے موجودہ حکومت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور پارٹی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کا عزم کیا۔