مغربی افریقا کے ملک بینن میں فوجی دستے نے سرکاری ٹی وی سے اچانک حکومت کے خاتمے اور صدر پیٹریس ٹیلن کی برطرفی کا اعلان کردیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فوجی بغاوت کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل پاسکل ٹیگری کر رہے ہیں، جنہیں ’ملٹری کمیٹی فار ری فاؤنڈیشن‘ کا سربراہ قرار دیا گیا ہے۔بینن کی سرکاری نشریاتی سروس پر اتوار کے روز فوجی اہلکاروں کے ایک دستے نے اعلان کیا کہ صدر پیٹریس ٹیلن کو اقتدار سے ہٹا دیا گیا ہے اور فوج نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے اور تمام زمینی سرحدوں کے ساتھ ساتھ فضائی حدود بھی اگلے اعلان تک بند رہے گی۔ایسوسی ایٹڈ پریس کےمطابق یہ اقدام مغربی افریقا میں حالیہ برسوں کے دوران سامنے آنے والی متعدد بغاوتوں میں ایک اور اضافہ ہے۔ بغاوت کرنے والے گروہ نے خود کو ’ملٹری کمیٹی فار ری فاؤنڈیشن‘ کے نام سے متعارف کرایا اور صدر کو برطرف اور تمام ریاستی اداروں کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔فوج نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ لیفٹیننٹ کرنل ٹیگری پاسکل فوجی عبوری کونسل کے سربراہ ہوں گے، جو ملک کا انتظام سنبھالیں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔