یونان کے جزیرے کریٹ کے جنوب مشرقی ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی الٹنے سے 18 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق کشتی میں کم از کم 20 افراد سوار تھے جو حادثے کے بعد سمندر میں گر گئے۔ حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔جزیرہ کریسی کے جنوب میں گزرنے والے ایک ترک تجارتی جہاز نے حادثے کی نشاندہی کی اور فوری طور پر حکام کو اطلاع دی، جس کے بعد دو افراد کو زندہ نکال کر طبی امداد فراہم کی گئی۔ امدادی کارروائیوں میں فرنٹیکس کا جہاز، ایک طیارہ، ہیلی کاپٹر اور تین تجارتی بحری جہاز حصہ لے رہے ہیں۔حکام کے مطابق ملنے والی لاشوں کو سرد خانے منتقل کیا جا رہا ہے جہاں شناخت کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق کشتی مبینہ طور پر شمالی افریقہ سے یونانی حدود میں داخل ہوئی تھی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اور سکیورٹی آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔