vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک:  نو منتخب میئر زوہران ممدانی کے اعزاز میں میٹ اینڈ گریٹ کا اہتمام

0

 امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی نے نیویارک کے نو منتخب میئر زوہران ممدانی کے اعزاز میں میٹ اینڈ گریٹ کا اہتمام کیا۔

 نیویارک سٹی کے نو منتخب میئر زوہران ممدانی کے اعزاز میں اے پی پیک کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد نے اپنی رہائش گاہ پر میٹ اینڈ گریٹ کا اہتمام کیا، جس میں سیاسی و سماجی حلقوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ اے پی پیک یوتھ ونگ کے بانی ارسل اعجاز نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا اور زوہران ممدانی کو خطاب کی دعوت دی۔ارسل اعجاز کا کہنا تھا کہ پانچ سال قبل زوہران ممدانی بطور نیویارک اسٹیٹ اسمبلی ممبر کے امیدوار کے طور پر یہاں آئے تھے اور اب وہ اس شہر کے اگلے میئر منتخب ہو کر واپس آئے ہیں۔ یہ واضح پیغام ہے کہ جب کمیونٹی متحد ہو کر اعتماد کا اظہار کرتی ہے تو نتائج بھی مثبت آتے ہیں۔ تقریب میں اے پی پیک کے صدر ڈاکٹر پرویز اقبال، ڈاکٹر سعدیہ طاہر، اسد چودھری سمیت دیگر بورڈ ممبران اور کمیونٹی تنظیموں کے سربراہان و اراکین بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نو منتخب میئر زوہران ممدانی کا کہنا تھا کہ جب وہ میئر کے امیدوار بنے تو انہیں نہ ہونے کے برابر حمایت حاصل تھی۔ اس وقت شاید کوئی یقین بھی نہیں کر سکتا تھا کہ وہ اگلے پانچ سال کے لیے نیویارک سٹی کے میئر منتخب ہوں گے، لیکن کمیونٹی کی بھرپور سپورٹ نے ایک خواب کو حقیقت بنا دیا۔ زوہران ممدانی نے تقریب میں شریک مختلف شخصیات سے ملاقات کی اور مصافحہ کیا۔تقریب کے اختتام سے قبل اے پی پیک کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد نے خوبصورت تقریب کے انعقاد پر اپنی اہلیہ اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اے پی پیک پاکستانی کمیونٹی اور نوجوان نسل کی امریکی سیاسی و انتخابی نظام میں شمولیت کے فروغ کے لیے کام جاری رکھے گی۔ اس موقع پر اے پی پیک یوتھ ونگ کے ارسل اعجاز نے نو منتخب میئر زوہران ممدانی کو شیلڈ بھی پیش کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.