پاکستانی نژاد علی راشد نیویارک کی طاقتور ٹیم میں شامل
نیویارک — پاکستانی نژاد امریکی بزنس لیڈر اور کمیونٹی آرگنائزر علی راشد کو نیویارک سٹی کے نومنتخب کمپٹرولر مارک لیون کی ٹرانزیشن ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
اس اہم اعلان کے ساتھ وہ شہر کی مالیاتی پالیسی سازی کے ایک انتہائی اہم مرحلے کا حصہ بن گئے ہیں، جہاں انہیں کاروباری اور سماجی رہنماؤں کے ممتاز گروپ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا۔علی راشد، جو کنگزلینڈ گروپ کے سی ای او اور امیریکن پاکستانی ایڈوکیسی گروپ (APAG) کے صدر ہیں، نے کہا ہے کہ وہ کمپٹرولر کے منصب سنبھالنے والے مارک لیون کی معاونت کے لیے پرعزم ہیں اور شہر کے لیے زیادہ مضبوط، منصفانہ اور روشن مستقبل کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔کمپٹرولر کا دفتر نیویارک سٹی کے 120 ارب ڈالر سے زائد سالانہ بجٹ کی نگرانی اور آڈٹ کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ کمپٹرولر شہر کے چیف فنانشل آفیسر، چیف آڈیٹر اور پینشن فنڈ مینیجر کی حیثیت سے اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ شہر کے مالی وسائل شفاف، ذمہ دارانہ اور تمام شہریوں کی فلاح کے مطابق استعمال ہوں۔