نیویارک کے علاقے کوئنز میں ہفتے کی صبح ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں 23 سالہ جسٹن ڈیز کی یاد میں اسٹریٹ کا نیا نام ’’جسٹن ڈیز وے‘‘ رکھ دیا گیا۔
تقریب میں اہلِ خانہ، دوستوں اور کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے نوجوان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔جسٹن ڈیز رواں سال فروری میں اس وقت ہلاک ہوئے تھے جب سابق فائر فائٹر مائیکل پینا مبینہ طور پر نشے کی حالت میں سرخ بتی توڑ کر تیز رفتار گاڑی کے ساتھ ان کی کار سے ٹکرا گیا۔ حکام کے مطابق حادثے کے وقت ڈیز اپنے گھر سے صرف ڈیڑھ بلاک کے فاصلے پر تھے اور لاغارڈیا ایئرپورٹ میں اپنی صبح کی ڈیوٹی کے لیے روانہ تھے۔پینا نے اپریل میں قتلِ اور نشے میں ڈرائیونگ کے الزامات پر عدالت میں پیش ہوکر الزامات سے بے گناہی کی درخواست دی تھی، جب کہ کیس بدستور زیرِ سماعت ہے۔جسٹن ڈیز نے حال ہی میں وان کالج سے ایوی ایشن کے شعبے میں ڈگری مکمل کی تھی، افسوس ناک طور پر، ان کی گریجویشن کی ڈگری اُن کے جنازے کے دن ڈاک کے ذریعے گھر پہنچی۔