نیویارک اور ٹرائی اسٹیٹ کے مقامی ایئرپورٹس پر تھینکس گیونگ ویک اینڈ کے اختتام پر بڑی تعداد میں مسافروں کی واپسی کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہوا۔
ایئر لائنز کی جانب سے ریکارڈ مسافروں کی آمد و رفت کے پیش نظر اتوار اور پیر کے روز تاخیر اور ہجوم میں اضافہ رہا۔اے اے اے کے مطابق اس سال تھینکس گیونگ ہفتے میں تقریباً 82 ملین افراد نے سفر کیا، جبکہ ایئرلائنز فار امریکہ نے پیش گوئی کی تھی کہ یکم دسمبر تک 31 ملین ہوائی مسافر سفر کریں گے۔ اتوار 30 نومبر کو سب سے مصروف ترین دن قرار دیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بہترین سفر کے اوقات ہفتہ صبح 10 بجے سے پہلے، اتوار 11 بجے سے قبل اور پیر کی رات 8 بجے کے بعد ہیں۔نیوآرک، جے ایف کے اور لاگوارڈیا ایئرپورٹس پر دیر سے آنے والی فلائٹس اور رش بڑھا، جبکہ مسافروں کو پرواز کی روانگی سے قبل اسٹیٹس چیک کرنے کی ہدایت کی گئی۔ سست روی کے باعث بعض شیڈولز میں تبدیلیاں بھی کی گئیں۔ ٹرین سفر کرنے والوں کے لیے این جے ٹرانزٹ، لانگ آئی لینڈ ریل روڈ اور میٹرو نارتھ نے ہفتہ وار سروس برقرار رکھی اور مسافروں کو مشورہ دیا کہ رش سے بچنے کے لیے جلدی روانہ ہوں۔سڑکوں پر بھی ریکارڈ ٹریفک دیکھا گیا، جہاں اے اے اے کے مطابق 73 ملین سے زائد افراد گاڑیوں کے ذریعے سفر کر رہے تھے۔