جدہ میں میمن یوتھ ڈیولپمنٹ فورم (MYDF) کے زیرِ اہتمام کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کی چار نمایاں ٹیموں ماسا ٹائیگرز، میڈیا جرنلسٹس فورم، ایم وائی ڈی ایف سلطان اور پائیونیئر نائٹ رائیڈرز نے حصہ لیا۔
لیگ راؤنڈز کے سنسنی خیز مقابلوں کے بعد فائنل کے لیے ایم وائی ڈی ایف سلطان اور میڈیا جرنلسٹس فورم نے کوالیفائی کیا۔ فائنل میچ میں ایم وائی ڈی ایف سلطان نے مخالف ٹیم کا دیا گیا 137 رنز کا ہدف صرف 8 اوورز قبل بآسانی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچز نیوٹرل امپائرز کی نگرانی میں منعقد ہوئے جبکہ محمد شاہد کی منفرد کمنٹری شائقین کی توجہ کا مرکز بنی۔ اس ایونٹ میں پہلی بار جدید کرکٹ ایپ کے ذریعے اسکورنگ کی گئی جس سے شائقین کو ریئل ٹائم معلومات میسر رہیں۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹیم ممبر سراج آدم جی نے ماسا کے صدر وسیم عبدالرزاق طائی، نائب صدر خالد تنوما، جوائنٹ سیکریٹری فیصل طائی، عبدالقادر عائیلہ اور دیگر مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایم وائی ڈی ایف آئندہ بھی کرکٹ سمیت جسمانی، تعلیمی اور سماجی نوعیت کے پروگرامات کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھے گا۔تقریب میں میمن برادری، سماجی شخصیات، کاروباری نمائندگان اور میڈیا سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میڈیا جرنلسٹس فورم کے کپتان جہانگیر خان نے ٹورنامنٹ کی شاندار میزبانی پر MYDF کو مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقسیم انعامات کے دوران فاتح کپتان عمران امین کو ٹرافی میمن ویلفیئر سوسائٹی (ماسا) کے صدر وسیم عبدالرزاق طائی نے پیش کی، جس کے بعد ٹیم نے بھرپور انداز میں کامیابی کا جشن منایا۔ مین آف دی میچ شاہد اڈمانی، جبکہ مین آف دی سیریز کا اعزاز طلحہ گایا نے حاصل کیا۔ میڈیا جرنلسٹس فورم کے محمد عمران بہترین بیٹسمین اور عرفان امین بہترین بالر قرار پائے۔ آخر میں ایم وائی ڈی ایف نے تمام اسپانسرز کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔