نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے شہر کے ٹیلنٹ اینڈ ورک فورس ڈیولپمنٹ آفس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈگ لیپاری کے ساتھ سات ارب ڈالر سے زائد مالیت کے دو نئے پروجیکٹ لیبر ایگریمنٹس کا اعلان کیا ہے۔
یہ معاہدے بلڈنگ اینڈ کنسٹرکشن ٹریڈز کونسل کے ساتھ طے پائے، جن کے تحت شہر میں لائبریریوں، ری کریئیشن سینٹرز، سولر سسٹمز، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس اور دیگر اہم انفراسٹرکچر منصوبوں کی تعمیر منصفانہ اجرت، یونین فوائد اور محفوظ ورکنگ ماحول کے ساتھ کی جائے گی۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ شہر کی تعمیر صرف منصوبہ سازی نہیں بلکہ مقامی کمیونٹی کو معیاری یونین کیریئرز فراہم کرنے کا عزم ہے، اور یہ معاہدے اس مقصد کو تیز رفتار اور مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں گے۔ان معاہدوں میں کمیونٹی ہائرنگ کی شقیں شامل ہیں، جن کے تحت نیویارک ہاؤسنگ اتھارٹی کے رہائشیوں اور کم آمدنی والے علاقوں کے افراد کو ترجیحی بنیادوں پر یونین ورکرز کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔ اب تک شہر کی جانب سے 7.5 ارب ڈالر سے زائد کی تقریباً 100 خریداریوں میں کمیونٹی ہائرنگ کے اہداف شامل کیے جا چکے ہیں۔ علاوہ ازیں، یہ معاہدے میئر ایڈمز کے اس ہدف کو بھی مضبوط بناتے ہیں کہ 2030 تک 30 ہزار نیویارکرز کو اپرنٹس شپ کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ ایک نئے ایم او یو کے تحت شہر، بی سی ٹی سی اور بی ٹی ای اے 700 پری اپرنٹس شپ نشستیں این وائی سی ایچ اے اور کم آمدنی والے محلوں کے رہائشیوں کے لیے مختص کریں گے۔