برانکس میں اکنا ریلیف کی حلال چکن و ٹرکی تقسیم
برانکس میں اکنا ریلیف فوڈ پینٹری کی جانب سے تھینکس گیونگ کے موقع پر سینکڑوں خاندانوں میں حلال چکن اور حلال ٹرکی تقسیم کی گئی۔
اکنا ریلیف ہر سال امریکہ بھر میں مستحق خاندانوں کے لیے غذائی امداد کے بڑے پروگرام منعقد کرتا ہے، اور اس برس بھی مختلف شہروں میں اسی سلسلے کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ تقریب اسپیکر نیویارک اسٹیٹ کارل ہیسٹی کے دفتر کے تعاون سے منعقد ہوئی، جہاں مقامی برادری کے لیے خصوصی تقسیم کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کا آغاز مقامی پادری اور امام عبدالبخش کی مشترکہ دعا سے ہوا، جس میں کمیونٹی کی خوشحالی اور ملک کی سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ کارل ہیسٹی کی چیف آف اسٹاف ڈما نی بروکس نے شرکت کرتے ہوئے اکنا ریلیف کی مسلسل کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرام خاص طور پر ان خاندانوں کے لیے اہم ہیں جو مالی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔اکنا ریلیف برانکس کے انچارج شبیر گل نے بتایا کہ مقصد صرف راشن فراہم کرنا نہیں بلکہ اس خصوصی موقع پر برادری کے ساتھ کھڑے رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ضرورت مند خاندان بھی اس تہوار کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔تقسیم کے دوران درجنوں رضاکاروں نے خدمات انجام دیں۔ فوڈ پینٹری کے باہر لمبی قطاریں موجود تھیں، اور ہر شخص اپنی باری پر حلال چکن، ٹرکی اور غذائی بیگز وصول کرتا رہا۔ مقامی کمیونٹی نے اس اقدام کو بے حد سراہا، جس نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ اجتماعی تعاون ہی معاشروں کو مضبوط بناتا ہے۔