vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا کی وینزویلا کے اوپر پرواز کرنے والی تمام ایئرلائنز کو وارننگ

0

امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے وینیزویلا کے گرد بڑھتی فوجی سرگرمیوں اور بگڑتی سکیورٹی صورتحال کے باعث فضائی سفر کرنے والی ایئرلائنز کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

ایف اے اے نے جمعے کو الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا کہ خطے میں عسکری نقل و حرکت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جو پروازوں کے لیے خطرات پیدا کر سکتا ہے، اگرچہ امریکی طیاروں پر فضائی حدود استعمال کرنے کی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ایف اے اے کے مطابق ستمبر سے وینیزویلا کی فضائی حدود میں نیویگیشن سیٹلائٹ سسٹمز میں مداخلت کے واقعات بڑھے ہیں، جن کے اثرات بعض اوقات پوری پرواز کے دوران محسوس کیے گئے۔ ادارے نے کہا کہ وینیزویلا کی جانب سے بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں اور ہزاروں فوجیوں اور ریزرو فورسز کی موبلائزیشن جاری ہے، تاہم حکومت نے کبھی بھی عام شہری طیاروں کو نشانہ بنانے کا ارادہ ظاہر نہیں کیا۔واشنگٹن نے حال ہی میں اپنا جدید ترین ایئرکرافٹ کیریئر اسٹرائیک گروپ، جنگی جہاز، ہزاروں فوجی اور F-35 طیارے خطے میں تعینات کیے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف ہیں۔رپورٹس کے مطابق امریکی بحریہ نے ستمبر سے اب تک کیریبین اور مشرقی پیسفک میں تقریباً 20 کشتیوں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں 80 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے ثبوت سامنے نہ آنے سے یہ تاثر مضبوط ہوا ہے کہ امریکہ بین الاقوامی پانیوں میں ماورائے عدالت ہلاکتیں کر رہا ہے۔ فلائٹ ٹریکرز کے مطابق اب امریکی آپریٹرز کو وینیزویلا کی فضائی حدود استعمال کرنے سے 72 گھنٹے قبل ایف اے اے کو پیشگی اطلاع دینا ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.