شہری حکومت کے ادارے ڈیپارٹمنٹ فار دی ایجنگ کے 50 سال مکمل
نیویارک میں بزرگ افراد کو سہولتوں کی فراہمی کے شہری حکومت کے ادارے ڈیپارٹمنٹ فار دی ایجنگ نے پچاس سال مکمل کرلیے۔
نیو یارک سٹی ڈیپارٹمنٹ فار ایجنگ نے بزرگ شہریوں کی خدمت کے پچاس سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی منائی۔ ایجزم کی تقریب میں شہر میں مقیم مختلف کمیونٹیز کے بزرگ افراد بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ ڈیپارٹمنٹ فار ایجنگ کی کمشنر لورین کورٹیس سمیت دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر عمر کو رکاوٹ سمجھنے کے رویے کی حوصلہ شکنی کی گئی اور یہ پیغام دیا گیا کہ عمر صرف ہندسہ ہے، قابلیت، صلاحیت اور تجربہ زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔اس موقع پر ہال میں مختلف اسٹینڈیز پر بزرگ افراد کی تصاویر اور ان پر درج مختلف جملوں سے یہ پیغام دیا گیا کہ میری عمر کوئی مسئلہ اور کسی قسم کی رکاوٹ نہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ بزرگ شہریوں کی زائد عمر کو اہمیت دینے سے ان کی صلاحیتوں سے توجہ ہٹ جاتی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بزرگ افراد آج بھی معاشرے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ شرکا کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص سے اس کے جسمانی خدوخال دیکھ کر عمر پوچھنا اور عمر کی بنیاد پر نظر انداز کرنا دراصل امتیازی رویہ ہے اور یہی ایجزم کہلاتا ہے۔ تقریب میں زور دیا گیا کہ معاشرے کو عمر کی بنیاد پر امتیاز ختم کرنا چاہیے اور بزرگ شہریوں کی صلاحیتوں اور تجربے کو پہچاننا چاہیے۔