نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا ہے کہ شہر کی مشہور ہیلتھ پالیسی HealthyNYC نے اپنا 2030 کا ہدف چھ سال پہلے ہی حاصل کر لیا ہے۔
تازہ اعدادوشمار کے مطابق 2024 میں نیویارک کے شہریوں کی اوسط متوقع عمر بڑھ کر 83.2 سال ہوگئی جو شہر کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ یہ منصوبہ 2023 میں اس مقصد کے ساتھ شروع کیا گیا تھا کہ 2030 تک اوسط عمر 83 سال تک پہنچائی جائے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر ایڈمز نے کہا کہ صحت کی بہتری صرف جینیاتی عوامل پر منحصر نہیں بلکہ طرزِ زندگی بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چار سال کی توجہ، کووِڈ سے نمٹنے کی جامع حکمتِ عملی، اور شہر بھر میں بڑے پیمانے پر کی جانے والی سرمایہ کاری نے یہ نتائج ممکن بنائے۔ ایڈمز نے کہا کہ “83 سال سے زائد کی اوسط عمر حاصل کرنا ہماری شہر کی تاریخ کا اہم سنگِ میل ہے۔”اعداد و شمار کے مطابق 2021 سے 2024 کے درمیان متوقع عمر میں 2.5 سال کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ کووِڈ 19 اموات میں 93 فیصد کمی نے اس بہتری میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اس کے برعکس، قابلِ اسکریننگ کینسر سے اموات میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ شوگر اور دل کی بیماریوں سے ہونے والی اموات میں 3.4 فیصد کمی آئی۔ خودکشی، قتل اور اوورڈوز اموات میں بھی نمایاں کمی رپورٹ کی گئی ہے۔ایڈمز انتظامیہ کے مطابق HealthyNYC نہ صرف ایک ہدف بلکہ شہر کے پبلک ہیلتھ سسٹم کا مستقل حصہ ہے، جسے ہر پانچ سال بعد اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔ اس منصوبے نے کووِڈ ویکسین مہم، اوورڈوز روک تھام، حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کے لیے گھریلو طبی معاونت، اور نیبرہڈ ہیلتھ ایکشن سینٹرز کے قیام جیسے اقدامات کے ذریعے ہزاروں افراد کی زندگیوں میں بہتری پیدا کی ہے۔