نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے رینڈلز آئی لینڈ پر چار ساکر فیلڈز عوام کے لیے دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ فیلڈز اس مقام پر قائم کیے گئے ہیں جہاں پہلے تارکین وطن کے لیے قائم ہنگامی امدادی مرکز موجود تھا۔ پانچ ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے تیار ہونے والے ان نئے میدانوں میں جدید مصنوعی ٹیرف، بہتر راستے اور نئی تنصیبات شامل ہیں، جس کا مقصد اس جگہ کو دوبارہ شہریوں کے لیے ایک صحت مند تفریحی مقام بنانا ہے۔میئر ایڈمز نے افتتاح کے موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ شہر کی اس کامیاب حکمتِ عملی کی علامت ہے جس کے تحت تارکین وطن کے بحران کو سنبھالنے کے بعد اس جگہ کو دوبارہ کمیونٹی کے لیے بحال کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرکز نے اپنے قیام کے دوران 25 ہزار سے زائد مہاجرین کو عارضی پناہ فراہم کی، جبکہ شہر مجموعی طور پر 87 فیصد مہاجرین کو پناہ گاہ سے نکل کر خود کفالت کی طرف بڑھنے میں مدد دے چکا ہے۔فیلڈ 82، 83، 84 اور 85 کی بحالی کا کام گریڈنگ، نئے ٹرف کی تنصیب، راستوں کی مرمت، اور حفاظتی باڑ کو بہتر بنانے جیسے مراحل پر مشتمل تھا۔ اس کے علاوہ اطراف کے گھاس کے میدان اور پکنک ایریاز بھی بہار میں مکمل طور پر بحال کیے گئے۔ رینڈلز آئی لینڈ پر موجود HERRC مرکز اگست 2023 میں کھولا گیا تھا اور فروری 2025 میں بند ہوا، جس کے دوران اس نے پچیس ہزار پانچ سو سے زائد تارکین وطن کی مدد کی۔