vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی عوام کی مایوسی، جمہوریت پر اعتماد حد سے کم

0

ایک نئی سروے رپورٹ کے مطابق تقریباً نصف امریکی بالغ شہریوں کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت ’’بہت خراب‘‘ یا ’’کافی خراب‘‘ طریقے سے کام کر رہی ہے، جبکہ صرف ایک چوتھائی اسے ’’اچھی‘‘ یا ’’درمیانی‘‘ کارکردگی کی حامل سمجھتے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے پی کے سروے کے مطابق اگرچہ دو تہائی امریکی جمہوریت کو بہترین نظامِ حکومت مانتے ہیں، لیکن وہ اس کی موجودہ حالت سے شدید مایوس ہیں اور انہیں یقین نہیں کہ حکمران واقعی جمہوری اصولوں کے پابند ہیں۔رپورٹ کے مطابق 4 میں سے 1 سے بھی کم امریکی سمجھتے ہیں کہ حکومتی فیصلے عوام کی اکثریت کی خواہشات کی نمائندگی کرتے ہیں۔ جبکہ 40 فیصد سے زائد افراد کا ماننا ہے کہ ملک کے رہنما مضبوط جمہوریت کے لیے سنجیدہ نہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کانگریس، کرمنل جسٹس سسٹم اور حکومتی ڈھانچے پر اعتماد بھی انتہائی کم ہے، جہاں صرف 20 فیصد کے قریب لوگ ان اداروں کی کارکردگی کو بہتر سمجھتے ہیں۔سروے میں بتایا گیا کہ معاشی مشکلات کا شکار طبقہ جمہوریت سے سب سے زیادہ ناخوش ہے، جبکہ مجموعی طور پر امریکی اپنے منتخب نمائندوں سے ایک طرح کی دوری اور بے ربطی محسوس کرتے ہیں۔ کئی افراد کا کہنا ہے کہ حکومتی فیصلے عوامی مفاد یا اکثریتی رائے کی عکاسی نہیں کرتے، خاص طور پر بزرگ شہریوں، معاشی دباؤ کے شکار افراد اور LGBT کمیونٹی میں یہ احساس زیادہ ہے۔انتخابات کے نظام کے بارے میں تاہم صورتحال قدرے بہتر رہی، جہاں زیادہ تر امریکیوں کا ماننا ہے کہ ووٹنگ کا عمل ’’ٹھیک‘‘ یا ’’اچھا‘‘ ہے۔ صرف 10 فیصد افراد نے کہا کہ ووٹنگ قوانین انہیں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے میں مشکل پیدا کرتے ہیں۔ لیکن کچھ افراد کا کہنا ہے کہ مختلف ریاستوں میں سخت قوانین کے باعث ووٹنگ کی سہولت ہر جگہ یکساں نہیں رہی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.