میئر ایرک ایڈمز نے نیویارک سٹی کے زیرِ زمین ڈھانچے کو جدید انداز میں نقشہ بند کرنے کے لیے 3D انڈرگراؤنڈ منصوبے کا آغاز کر دیا، جو اپنی نوعیت کی پہلی امریکی کوشش ہے۔
یہ 10 ملین ڈالر کا پلیٹ فارم شہر کے نیچے موجود پائپ لائنز، فائبر کیبلز، برقی نظام، گٹر لائنز اور مٹی کی ساخت کو انتہائی محفوظ 3D نقشے کی صورت میں یکجا کرے گا، تاکہ ایجنسیوں اور یوٹیلیٹی کمپنیوں کو ہنگامی حالات اور ترقیاتی منصوبوں میں بہتر ہم آہنگی مل سکے۔میئر ایڈمز کے مطابق، شہر برسوں سے زیرِ زمین انفراسٹرکچر کی مکمل تصویر سے محروم تھا، جس کے باعث تعمیراتی تاخیر، خطرناک لیکج اور ایمرجنسی ریسپانس میں مشکلات پیدا ہوتی تھیں۔ نئے پلیٹ فارم کے ذریعے نہ صرف منصوبہ بندی تیز ہوگی بلکہ حادثات یا زیرِ زمین خرابیوں کا فوری سراغ بھی لگایا جا سکے گا۔ اس مقصد کے لیے شہر کولمبیا یونیورسٹی کے تعاون سے جغرافیائی رپورٹس کو ڈیجیٹل شکل دے کر ایک مکمل 3D مٹی کا ماڈل تیار کرے گا، جو تعمیرات، طوفانی پانی کے انتظام، اور مستقبل کے ایمرجنسی ردعمل میں اہم کردار ادا کرے گا۔منصوبے کے بنیادی اہداف میں زیرِ زمین خرابیوں پر فوری ردعمل، سرمایہ جاتی منصوبوں میں لاگت اور وقت کی بچت، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا مقابلہ، اور کاروبار و رہائشی علاقوں میں کم سے کم رکاوٹ شامل ہیں۔ یہ پروگرام 2028 میں صارفین کے لیے جاری کیا جائے گا اور اس کی فنڈنگ ہریکین اڈا کے بعد ملنے والے ہیڈ فنڈز سے کی گئی ہے۔