vosa.tv
Voice of South Asia!

 ٹیکساس میں دو بڑی مسلم تنظیمیں دہشت گرد قرار

0

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے امریکا کی سب سے بڑی مسلم سول رائٹس تنظیموں میں سے ایک کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (CAIR) اور مسلم برادرہڈ کو ریاست میں ’’غیر ملکی دہشت گرد تنظیم‘‘ قرار دے دیا ہے۔

گورنر نے اس گروپ کو ’’سرحد پار مجرمانہ تنظیم‘‘ بھی قرار دیا اور کہا کہ ریاست میں اسے زمین خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی حکم نامے میں مسلم برادرہڈ کو بھی شامل کیا گیا۔وفاقی سطح پر نہ تو CAIR اور نہ ہی مسلم برادرہڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے۔ CAIR نے جواب دیتے ہوئے ایبٹ کے اعلان کو ’’قانون اور حقیقت دونوں کے خلاف‘‘ قرار دیا اور کہا کہ گورنر کا اقدام ’’اسلام مخالف جذبات بھڑکانے‘‘ کے مترادف ہے۔ تنظیم کے حکومتی امور کے ڈائریکٹر رابرٹ میکا نے تحریری جواب میں کہا کہ گورنر کے پاس کسی امریکی ادارے یا شہری کو دہشت گرد قرار دینے کا اختیار نہیں۔چند ماہ قبل ٹیکساس ریپبلکنز نے ڈلاس کے قریب ایک بڑے مسلم کمیونٹی پروجیکٹ کو روکنے کی کوشش کی تھی، جس کا تعلق ایسٹ پلینو اسلامک سینٹر سے تھا۔ بعض ریپبلکن رہنماؤں نے الزام لگایا کہ یہ منصوبہ ’’مسلم خصوصی شہر‘‘ بنانے کی کوشش ہے جہاں اسلامی قانون نافذ ہوگا۔ منصوبے کے نمائندوں نے ان دعوؤں کو بے بنیاد، خطرناک اور گمراہ کن قرار دیا، جبکہ وفاقی محکمہ انصاف نے اس پر ہونے والی تحقیقات بغیر کسی مقدمے کے بند کر دی تھیں۔مسلم برادرہڈ، جو تقریباً ایک صدی قبل مصر میں قائم ہوئی، تشدد سے لاتعلقی اور انتخابی عمل کے ذریعے اثر و رسوخ بڑھانے کا دعویٰ کرتی ہے، تاہم مشرقِ وسطیٰ کی کئی حکومتیں اسے خطرہ سمجھتی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.