نیویارک کے میئر ایریک ایڈمز نے شہر بھر میں فٹ پاتھ شیڈز اور اسکیفولڈنگ سسٹم کے لیے چھ جدید اور دلکش ڈیزائن پیش کر دیے، جن کا مقصد سڑکوں کو زیادہ محفوظ، روشن اور خوبصورت بنانا ہے۔
دہائیوں سے موجود روایتی سبز شیڈز شہر کے راستوں کو تاریک اور تنگ بناتے تھے، تاہم نئی ڈیزائننگ کے بعد یہ ہلکے، شفاف اور شہری ماحول سے ہم آہنگ نظر آئیں گے۔میئر ایڈمز نے کہا کہ پرانے، بھاری اور بدنما شیڈز نے برسوں سے روشنی روک رکھی تھی، مگر یہ نئی اقسام عوامی حفاظت کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی بھی بحال کریں گی۔ ڈیزائنز عالمی ماہرین آرپ اور پی اے یو نے تیار کیے ہیں، جو روشنی گزرنے، کم جگہ گھیرنے اور ہنگامی تعمیراتی کاموں میں فوری تنصیب کی خصوصیات رکھتے ہیں۔ شہر بھر میں 2026 سے یہ ڈیزائن عام استعمال کے لیے دستیاب ہوں گے۔2023 سے اب تک 15 ہزار سے زائد پرانے شیڈز ہٹا دیے گئے ہیں جبکہ 2026 میں سخت جرمانے نافذ ہوں گے، جن میں 180 دن سے زائد کھڑے رہنے والے شیڈز پر ماہانہ 6 ہزار ڈالر تک جرمانہ شامل ہے۔ نئی اقدامات کا مقصد شہر کو کم شیڈز، زیادہ روشنی اور محفوظ گزرگاہیں فراہم کرنا ہے، تاکہ نیویارکرز دوبارہ روشن اور خوبصورت فٹ پاتھوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔