vosa.tv
Voice of South Asia!

ڈبلیو ایچ او میں دو ہزار نوکریاں ختم

0

عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے فنڈنگ واپس لینے کے بعد ادارے کی افرادی قوت میں تقریباً 22 فیصد کمی ہو جائے گی، جس کے تحت 2 ہزار سے زائد ملازمتیں ختم ہو رہی ہیں۔

یہ بحران اس وقت شدت اختیار کر گیا جب جنوری میں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ڈبلیو ایچ او سے علیحدگی کا اعلان کیا، جس کے بعد ادارے کو اپنے کام اور مینجمنٹ اسٹرکچر میں بڑی کٹوتیاں کرنا پڑیں۔امریکا ڈبلیو ایچ او کا سب سے بڑا مالی معاون تھا اور ادارے کے بجٹ کا تقریباً 18 فیصد فراہم کرتا تھا۔ جنیوا میں قائم ادارے کے مطابق جنوری 2025 میں موجود 9,401 ملازمین میں سے جون 2026 تک 2,371 عہدے ختم ہونے کا امکان ہے، جن میں نوکریوں کی چھانٹی، ریٹائرمنٹ اور رضاکارانہ علیحدگیاں شامل ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ عارضی عملہ اور کنسلٹنٹس بھی بڑی تعداد میں فارغ کیے جا چکے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم نے عملے کو بھیجے گئے پیغام میں اعتراف کیا کہ یہ سال ادارے کی تاریخ کے مشکل ترین سالوں میں شامل رہا، مگر ضروری اصلاحات کے بعد ڈبلیو ایچ او اب ’’ایک نئی شکل‘‘ کے ساتھ آگے بڑھنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ادارے کا 2026-27 کا بجٹ بھی بڑی کمی کا شکار ہے اور 1.06 ارب ڈالر کی فنڈنگ کا خلا ابھی باقی ہے۔ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ بجٹ میں کمی کے باوجود چند ممالک کے بڑھتے ہوئے لازمی تعاون اور نئے فنڈ ریزنگ اقدامات کے باعث مستقبل میں صورتحال بہتر ہونے کی امید ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.