سعودی کرکٹ فیڈریشن اور ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت سعودی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی مختلف فرنچائز کے لیے کھیلیں گے۔
ریاض میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں اہم سعودی شخصیات کے ساتھ پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس اور گلوکار علی ظفر نے بھی خصوصی شرکت کی۔تقریب میں سعودی کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین پرنس سعود بن مشعل، ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کے منتظمین، پاکستانی سفیر احمد فاروق، متعدد سفارتی افسران، کرکٹ فرنچائز کے نمائندگان اور سعودی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ پرنس سعود بن مشعل نے کہا کہ وژن 2030 کے تحت کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کو بھرپور سرپرستی حاصل ہے، اور اس معاہدے سے نہ صرف سعودی کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا موقع ملے گا بلکہ ملک میں کرکٹ مزید فروغ پائے گی۔پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس نے کہا کہ سعودی عرب سمیت عرب ممالک میں کرکٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے، اور کھلاڑی مختلف فارمیٹس میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومتی سرپرستی اور بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے باعث سعودی عرب جلد آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کرے گا۔تقریب میں پاکستانی پاپ اسٹار علی ظفر نے شاندار لائیو پرفارمنس پیش کی، جس سے سعودی، پاکستانی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے شرکاء خوب محظوظ ہوئے، جبکہ دیگر گلوکاروں نے بھی رنگا رنگ پرفارمنسز پیش کیں۔