شکاگو میں سیاسی بیٹھک، طارق صدیقی کے زیرِ اہتمام عشائیہ
شکاگو میں سیاسی قائدین اور کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ اتحاد اور یکجہتی کے عنوان سے طارق صدیقی کے زیرِ اہتمام عشائیہ شکاگو میں منعقد ہوا، جس میں ریاست کی اعلیٰ سیاسی قیادت اور 150 سے زائد ممتاز امریکی-پاکستانی افراد نے شرکت کی۔
رضا ریسٹورنٹ میں ہونے والی اس تقریب میں 40 سے زائد وفاقی، ریاستی اور بلدیاتی منتخب عہدیدار بھی موجود تھے، جنہوں نے اسے کمیونٹی روابط کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا۔سالانہ تقریب میں کک کاؤنٹی کی صدر ٹونی پیری وِنکل، شکاگو کے مضافاتی میئرز، مقامی حکومتی نمائندگان اور متعدد بااثر شخصیات شریک ہوئیں۔ پاکستان کے جنرل قونصلر محمد زمان مہدی اور ڈپٹی قونصل جنرل سعید علی بھی اس تقریب میں نمایاں طور پر شریک تھے، جنہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے استحکام کے لیے اس اجتماع کو انتہائی اہم قرار دیا۔شرکا نے اپنے خطابات میں کہا کہ طارق صدیقی کی مسلسل کوششیں شکاگو لینڈ میں اتحاد، تعاون اور کمیونٹی ترقی کے راستے ہموار کرتی ہیں۔ ٹونی پیری وِنکل نے کہا کہ یہ تقریب مختلف نسلی برادریوں کو ایک ساتھ لانے کی بہترین مثال ہے، جبکہ کک کاؤنٹی کے کمشنر فرینک ایگیولر نے اسے روشن خیالات رکھنے والے افراد کی اجتماعی قوت قرار دیا۔ سٹی کلرک مونیکا گورڈن نے طارق صدیقی کو کمیونٹی کا محنتی خدمت گزار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ خاندان کا حصہ محسوس ہوتے ہیں۔الینوائے ریاست کے نمائندے جسٹن سلاٹر نے کہا کہ اتحاد کی یہ تقریب ہمیشہ قابلِ احترام رہتی ہے، کیونکہ یہ مختلف پس منظر رکھنے والے افراد کو ایک مقصد پر متحد کرتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر طارق صدیقی نے کہا کہ وہ ہر سال کمیونٹی کو نسل، مذہب یا جنس کی تفریق کے بغیر ایک چھت تلے جمع ہونے کی دعوت دیتے ہیں، اور یہی شکاگو کی حقیقی یکجہتی کی عکاسی ہے۔