نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور اے سی ایس کمشنر جیس ڈینی ہاؤزر نے شہر میں فوسٹر کیئر میں رہنے والے نوجوانوں کے لیے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع بڑھانے کے متعدد کامیاب پروگرام میں مزید توسیع کردی ہے۔
شہر نے 2022 کے مقابلے میں مفت کالج میں داخلہ لینے والے نوجوانوں کی تعداد دوگنی کر دی ہے، جبکہ اب یہ پروگرام مجموعی طور پر 8 ہزار نوجوانوں تک پہنچانے کا ہدف رکھتے ہیں، جس کے لیے پانچ برسوں میں 163 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔شہر کے فیئر فیوچرز پروگرام کے ذریعے اس وقت 4 ہزار نوجوانوں کو کوچز، ٹیوٹرز، کیریئر رہنمائی، ہاؤسنگ اور دیگر سروسز فراہم کی جا رہی ہیں، جو آئندہ بڑھ کر 6 ہزار تک ہو جائیں گی۔ اس کے علاوہ 2022 میں شروع کیے گئے کالج چوائس پروگرام میں بھی توسیع کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت اب 430 کے بجائے 530 نوجوان ٹیوئشن، روم اینڈ بورڈ اور روزانہ اسٹائپنڈ حاصل کر سکیں گے۔ حکام کے مطابق اس پروگرام کے نتیجے میں کالج میں 2.0 سے زائد جی پی اے برقرار رکھنے والے طلبہ کی تعداد نمایاں بڑھی ہے۔اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے شہر نے کیریئر چوائس نامی نیا پروگرام بھی متعارف کرایا ہے، جو ان نوجوانوں کی مالی مدد کرے گا جو کالج کے بجائے ٹریڈ اسکولز، ووکیشنل ٹریننگ یا ورک فورس ڈیولپمنٹ پروگرامز میں داخلہ لیتے ہیں۔ یہ پروگرام انہیں کوچنگ، اسٹائپنڈ، اسکول فیس میں معاونت اور ضرورت پڑنے پر ہاؤسنگ سپورٹ بھی فراہم کرے گا، اور تقریباً 400 نوجوان اس سے مستفید ہوں گے۔میئر ایڈمز کا کہنا تھا کہ فوسٹر کیئر میں رہنے والے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا شہر کی ترجیح ہے تاکہ وہ ایک مضبوط مستقبل بنا سکیں۔ اے سی ایس کمشنر جیس ڈینی ہاؤزر نے کہا کہ ان پروگراموں نے سینکڑوں نوجوانوں کو ہائی اسکول مکمل کرنے اور کالج میں داخلہ لینے کا عملی راستہ دکھایا ہے، اور اب توسیع کے بعد زیادہ نوجوان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ متعدد غیر سرکاری اداروں نے بھی شہر کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات نوجوانوں کو خود مختار اور کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔