vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں پاکستانی ہیروز کے اعزاز میں تقریب

0

اپنا ایڈلٹ ڈے کیئر نے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تعینات پاکستانی نژاد افسران اور صحافیوں کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا۔ پولیس افسران، صحافیوں اور کمیونٹی کی سماجی شخصیات کو ایوارڈز بھی دیے گئے۔

اپنا ایڈلٹ ڈے کیئر کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے پڑھے گئے۔ تقریب کی نظامت ثمرین حسین کر رہی تھیں۔ اپنا کے سی ای او پرویز صدیقی کا کہنا تھا کہ حالیہ الیکشن میں اپنا کمیونٹی سینٹر نے بہترین کام کیا۔ ہم نے یہ ضروری سمجھا کہ کمیونٹی سروسز سے منسلک افراد کی خدمات کو سراہا جائے۔ اپنا کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر شازیہ وٹو کا کہنا تھا کہ یہ ڈے کیئر سینٹر صرف ایک ادارہ نہیں بلکہ ہمارا دوسرا گھر ہے اور یہاں کا ہر فرد ہمارے لیے فیملی ممبر کی حیثیت رکھتا ہے۔ تقریب میں ڈے کیئر سینٹر میں مقیم بزرگ افراد، اسٹاف ممبران اور کمیونٹی کی کاروباری و سماجی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ اپنا کمیونٹی سینٹر کی سی ای او ارم حنیف کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ادارہ بنانا آسان نہیں، ہم نے انفرادی حیثیت میں ووٹرز کو آگاہی دی، یہی وقت ہے اجتماعی کوششوں سے آگے بڑھنے کا۔ اس موقع پر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تعینات پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا، سینئر صحافی اور سماجی ورکر معوذ اسد صدیقی کو کمیونٹی سروسز پر ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ دیگر مہمانوں کو گلدستے پیش کیے گئے اور سینٹر کی سینئر رکن کو بیسٹ ممبر پر انعام دیا گیا۔ شرکاء سے خطاب میں انسپکٹر عدیل رانا اور معوذ صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ سینٹر کمیونٹی کو ایک دوسرے سے ملوانے، ان کی مدد اور مسائل حل کرنے کا بہترین مرکز ہے۔ آگے بڑھنے میں ہمیشہ ایک دوسرے کی مدد کریں۔ قبل ازیں تقریب میں شریک پولیس افسران، صحافیوں اور کمیونٹی کی دیگر شخصیات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہمیں انفرادیت کے بجائے اجتماعی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر نو منتخب میئر زوہران ممدانی کی جیت کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.