نیویارک کے علاقے برانکس میں ایک سگریٹ کا ٹکڑا خوفناک دھماکے اور آگ کا باعث بن گیا، جس میں سات فائر فائٹر زخمی ہو گئے۔
یہ واقعہ لانگ ووڈ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں تحقیقات سے پتہ چلا کہ کسی نے لاپرواہی سے سگریٹ کا ٹکڑا کچرے کے قریب پھینک دیا تھا۔ایف ڈی این وائی فائر مارشلز کے مطابق، سگریٹ کے باعث کچرے میں آگ لگی جو قریب کھڑی گاڑی تک پھیل گئی اور اس کے فیول ٹینک میں زبردست دھماکہ ہوا۔ اس حادثے میں پانچ فائر فائٹرز کو شدید جھلسنے کی چوٹیں آئیں، جبکہ دو ابھی بھی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔سرویلنس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند افراد کے گروپ میں سے ایک شخص نے سگریٹ پھینکا، جو لڑھک کر کچرے کے ڈھیر کے قریب جا گرا۔ چند لمحوں بعد آگ بھڑک اٹھی، اور جب لوگوں نے پانی ڈال کر بجھانے کی کوشش کی تو آگ نے مزید شدت اختیار کر لی۔بلڈنگ کے سپرنٹنڈنٹ برائن ریویرا کے مطابق، جب آگ پر پانی ڈالا گیا تو گیس اور چکنائی کے باعث وہ پھٹ گئی۔ کچرا زیادہ جمع تھا کیونکہ انتخابی دن کے موقع پر کچرا اٹھانے کی سروس نہیں ہوئی تھی۔دھماکے سے ایک خاتون کی کار مکمل طور پر جل گئی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گاڑی روزمرہ کے سفر کے لیے استعمال کرتی تھیں۔فائر ڈیپارٹمنٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سگریٹ بجھائے بغیر پھینکنے سے گریز کریں اور کچرے میں آگ لگنے سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔