امریکی ریاست نیو جرسی میں ڈیموکریٹ امیدوار مِکی شریل نے گورنر کا الیکشن جیت لیا، جبکہ ری پبلکن امیدوار جیک سیٹاریلی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اے بی سی نیوز کے مطابق، سابق نیوی ہیلی کاپٹر پائلٹ اور فیڈرل پراسیکیوٹر شریل نے اپنی مہم میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھائی اور عوامی فلاح کے عزم کا اظہار کیا۔اپنی کامیابی کے خطاب میں مِکی شریل نے کہا کہ "نیو جرسی کے عوام اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے کھڑے ہیں۔ آزادی اُس وقت معنی رکھتی ہے جب ہر شہری محفوظ، تعلیم یافتہ اور روزگار یافتہ ہو۔” ان کی جیت سے ڈیموکریٹک پارٹی نے ریاست میں مسلسل تیسری مدت حاصل کی، جو 1960 کی دہائی کے بعد پہلی بار ہوا ہے۔مِکی شریل نیو جرسی کی دوسری خاتون گورنر بن گئی ہیں، اس سے قبل ری پبلکن کرسٹین ٹوڈ وِٹمین 1994 سے 2001 تک گورنر رہ چکی ہیں۔ شریل نے اپنے حریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک باعزت انتخابی مہم چلائی۔