نیویارک کے میئرل الیکشن سے ایک روز قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک متنازع بیان میں ووٹرز کو دھمکی دی کہ اگر ’’کمیونسٹ امیدوار‘‘ ظہران مامدانی جیت گئے تو وفاقی فنڈز روک دیے جائیں گے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ’’اگر ظہران مامدانی جیت گئے تو نیویارک سٹی کو صرف اتنی ہی امداد ملے گی جتنی قانوناً دینا لازم ہے، اس سے زیادہ نہیں۔‘‘ ٹرمپ نے اس سے قبل ایک ٹی وی انٹرویو میں بھی کہا تھا کہ وہ ایسے شہر کو رقوم دینے گریز کریں گے جہاں ’’کمیونسٹ قیادت‘‘ ہو، کیونکہ یہ ٹیکس دہندگان کے پیسوں کا ضیاع ہوگا۔ حالانکہ امریکی آئین کے مطابق فنڈز کی منظوری کانگریس کا اختیار ہے، صدر براہِ راست کسی شہر کی مالی امداد بند نہیں کرسکتا۔دوسری جانب، سابق گورنر اینڈریو کومو، جو اس بار آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں، نے ٹرمپ کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’’اب فیصلہ ریپبلکنز کے ہاتھ میں ہے، امید ہے وہ صدر کی بات سنیں گے۔‘‘ تاہم ایک اور انٹرویو میں کومو نے کہا کہ نیویارک کو ایسا میئر چاہیے جو ٹرمپ کے دباؤ کا مقابلہ کرسکے۔ظہران مامدانی نے ایسٹوریا، کوئنز میں انتخابی تقریب کے دوران جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی دھمکی ’’قانون نہیں بلکہ صرف دھمکی‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ فنڈز کسی کی ذاتی عنایت نہیں بلکہ نیویارک کا حق ہیں‘‘۔ تازہ سروے کے مطابق مامدانی اپنے دونوں حریفوں پر دس پوائنٹس کی برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔